کرپشن میں گرفتارسعودی شہزادے فائیواسٹار ہوٹل میں قید
سعودی عرب میں کرپشن کے الزام میں گرفتار شہزادے اور دیگر اہم شخصیات ریاض کے فائیو اسٹار ہوٹل میں قید ہیں ۔
برطانوی اخبار کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں کرپشن کے خلاف حالیہ کریک ڈاون میں گرفتارشہزادوں، وزرا اور تاجروں کے لیے ریاض کا فائیو اسٹار ہوٹل سب جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
برطانوی اخبار کے مطابق ریاض کے رٹز کارلٹن ہوٹل کو مہمانوں سے خالی کرالیا گیا ہے، ڈیلی میل نے ایک تصویر بھی جاری کی ہے، جس میں گرفتار افراد کو اس ہوٹل کے کانفرنس ہال میں گدوں پر سوتے ہوئے دکھایاگیا ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بعض ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ شاہ فہد کے بیٹے شہزادہ عبدالعزیز گرفتاری میں مزاحمت کے دوران مارے گئے ۔ 44 سالہ شہزادہ عبدالعزیز سعودی عرب کے مرحوم بادشاہ شاہ فہد کے سب سے چھوٹے بیٹے تھے ۔
واضح رہے کہ حالیہ کریک ڈاون میں اب تک 11 شہزادوں، 4 وزرا، دسیوں سابق وزیروں سمیت 48 اہم شخصیات کو گرفتار کیا گیا ہے ،مجموعی تعداد چار سو سے زائد بتائی جارہی ہے ۔