Nov ۰۸, ۲۰۱۷ ۱۵:۰۹ Asia/Tehran
  • اربعین حسینی: دسیوں لاکھ زائرین کی کربلا آمد

اربعین حسینی میں شرکت کے لئے عراق، ایران اور دنیا کے مختلف ملکوں کے زائرین اور عاشقان حسینی کربلائے معلی پہنچ چکے ہیں۔

اب تک کی اطلاع کے مطابق اس سال صرف ایران سے تقریبا تیس لاکھ زائرین، اربعین حسینی میں شرکت کے لئے کربلائے معلی یا تو پہنچ چکے ہیں یا پہنچ رہے ہیں-

نجف اشرف سے کربلائے معلی کے درمیان مشی کرنے والے عاشقان حسینی کا جوش و خروش اپنے عروج پر پہنچ گیا ہے اور دسیوں لاکھ کی تعداد میں حسینی عزاداروں اور متوالوں کا سیل رواں کربلائے معلی کی جانب رواں دواں ہے۔

اس درمیان اربعین دنیا میں اتحاد کا محور کے زیرعنواں بین الاقوامی کانفرنس بدھ کو کربلائے معلی میں شروع ہو گئی- اس دو روزہ بین الاقوامی کانفرنس میں عراق، ایران، انڈونیشیا، جنوبی افریقہ، نائیجیریا، بحرین، یمن، کینیا، برطانیہ اور امریکا کے علما اور دانشور جبکہ ایران اور عراق کے حکام اور یونیورسٹیوں کے اساتذہ شریک ہیں-

کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عراق میں رہبر انقلاب اسلامی کے نمائندہ دفتر کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین نجف نجفی روحانی نے کہا کہ امت اسلامیہ کے درمیان اتحاد کو مستحکم بنانا علما اور دانشوروں کی ذمہ داری ہے-

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کی موجودہ صورتحال میں مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی بہت ہی ضروری ہے- انہوں نے کہا کہ عالم اسلام کی حیات اور بقا کا دارومدار امت اسلامیہ کے اتحاد و یکجہتی پر ہے- ان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کے علما اور مفکرین نے ہمیشہ امت اسلامیہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی پر زور دیا ہے-

ٹیگس