یمن کے رہائشی علاقوں پر سعودی عرب کے حملے
Nov ۱۳, ۲۰۱۷ ۱۷:۲۶ Asia/Tehran
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے مختلف علاقوں پر ایک بار پھر بمباری کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی سبا کے مطابق سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے صوبہ صعدہ کے شہر باقم کے علاقے ثعبان پر دو بار اور کتاف سٹی کے علاقے الصوح پر ایک بار پھر بمباری کی ہے۔
سعودی فوجیوں نے حیدان شہر کے علاقے طلال کے قریب کھڑی فصلوں پر گولہ باری اور سرحدی علاقے رازح پر راکٹوں سے حملہ کیا ہے جس میں ایک یمنی بچے سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
ایک اور اطلاع کے مطابق جارح سعودی فوجیوں نے سرحدی شہر غمر کے علاقے الغور پر بھی گولہ باری جبکہ صوبہ صنعا کے علاقے نہم پر بھی دوبار بمباری کی۔
شمال مغربی یمن کے مختلف صوبوں اور شہروں پر بھی سعودی جنگی طیاروں کی بمباری کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔