کابل میں فوجی بھرتی کے مرکز کے باہر دھماکہ
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں بم دھماکے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔
کابل پولیس کے ترجمان بصیر مجاہد نے بھی دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ یہ دھماکہ ہفتے کی شام شہر کے علاقے سنگ تراشی میں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ دھماکے میں تین پولیس اہلکار مارے گئے جبکہ متعدد عام شہری زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق دھماکہ مقناطیسی بم کے ذریعے کیا گیا جسے فوجی بھرتی کے مرکز کے قریب نصب کیا گیا تھا۔
تاحال کسی فرد یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
اس سے پہلے صوبہ ننگرہار کے صدر مقام جلال آباد میں ایک پرائیویٹ ٹی وی چینل کے دفتر کے باہر ہونے والے چار دھماکوں میں کم سے کم دو سیکورٹی اہلکار ہلاک اور چھے دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
درایں اثنا صوبہ غور کے سیکورٹی حکام نے ایک دہشت گرد کو گرفتار کرنے دعوی کیا ہے۔ حکام کے مطابق اس دہشت گرد کا تعلق طالبان سے ہے اور اسے دہشت گردانہ کارروائی سے پہلے گرفتار کرلیا گیا۔