Jul ۳۱, ۲۰۲۵ ۱۷:۰۵ Asia/Tehran
  • دھماکہ ہوا موتیں ہوئیں، زخمی ہوئے لیکن 17 سال بعد ملزمان بری، آخر عدالت کے فیصلے کے بعد ناقص تفتیش کا کیوں لگ رہا ہے الزام؟

ہندوستان کی مہاراشٹر ریاست کے مالیگاؤں میں ایک طاقتور بم پھٹنے کے تقریباً 17 برس بعد ممبئی کی ایک خصوصی عدالت نے جمعرات کے روز اس کیس کے تمام سات ملزمان کو بری کر دیا۔ اس دھماکے میں چھ مسلمان مارے گئے تھے اور سو سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔

سحرنیوز/ہندوستان: سات ملزمین میں بر سر اقتدار جماعت بی جے پی کی سابق رکن پارلیمان پرگیہ ٹھاکر اور بھارتی فوج کے ایک سابق افسر لیفٹیننٹ کرنل پرساد شری کانت پروہت بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ ریاست مہاراشٹر کے انسداد دہشت گردی سکواڈ نے اپنی فردِ جرم میں الزام لگایا تھا کہ ملزمان نے مسلم اکثریتی علاقے میں یہ کارروائی کی تھی اور بم نصب کیا تھا۔ ہیمنت کرکرے نے مالیگاؤں میں سازش کو بے نقاب کیا تھا اور بدقسمتی سے 26/11 کے حملوں میں پاکستانی دہشت گردوں کے ہاتھوں ہلاک کر دئے گئے تھے۔

حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ پرگیہ ٹھاکر نے ہی بم دھماکے کی سازش کرنے والوں کو بائیک فراہم کی تھی۔ حکام نے یہ بھی الزام لگایا تھا کہ پرگیہ ٹھاکر اس گروپ کا حصہ تھیں، جس میں سابق فوجی اہلکار اور ابھینو بھارت نامی ایک غیر معروف بنیاد پرست گروپ کے ارکان شامل تھے۔ جمعرات 31 جولائی، کو اپنا فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے کہا کہ استغاثہ نے یہ تو کامیابی سے ثابت کیا کہ دھماکہ ہوا تھا، لیکن قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) یہ ثابت کرنے میں ناکام رہی کہ بم موٹر سائیکل میں ہی نصب تھا۔ عدالت نے کہا "معاشرے کے خلاف ایک سنگین واقعہ ہوا۔ لیکن عدالت صرف اخلاقی بنیادوں پر کسی کو مجرم نہیں ٹھہرا سکتی۔"

اس دوران آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے جمعرات کو 2008 کے مالیگاؤں دھماکہ کیس میں تمام ملزمان کے بری ہونے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسے جان بوجھ کر ناقص تفتیش اور استغاثہ کا نتیجہ قرار دیا۔ سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے اویسی نے لکھا، مالیگاؤں دھماکے کا فیصلہ مایوس کن ہے۔ دھماکے میں چھ نمازی مارے گئے اور 100 کے قریب زخمی ہوئے۔ انہیں ان کے مذہب کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔ دانستہ طور پر ناقص تفتیش/استغاثہ ملزمان کو بری کرنے کا ذمہ دار ہے،۔

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی

اویسی نے کہا کہ کیا این آئی اے اور اے ٹی ایس افسران کو ان کی ناقص تفتیش کے لیے جوابدہ ٹھہرایا جائے گا؟ مجھے لگتا ہے کہ ہمیں جواب معلوم ہے۔ یہ مودی حکومت ہے جو دہشت گردی کے خلاف سخت ہے۔ دنیا یاد رکھے گی کہ انہوں نے دہشت گردی کے ملزم کو رکن اسمبلی بنایا۔

 

ٹیگس