امریکی سفارت خانے کی منتقلی کے نتائج کے بابت سخت انتباہ
عرب لیگ نے امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کے نتائج کے بابت سخت خبردار کیا ہے۔
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے اپنے بیان میں یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ امریکی سفارت خانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کے، خطے اور دنیا کے استحکام پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے پوری طرح واضح ہو جائے گا کہ امریکہ صرف اسرائیل کی جانبداری کر رہا ہے۔
دوسری جانب فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے بھی خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ امریکی سفارت خانے کی منتقلی بیت المقدس کے بارے میں عالمی ضابطوں اور قوانین کی خلاف ورزی ہو گی۔
حماس کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کے اس فیصلے کا پوری قوت کے ساتھ جواب دے گی اور پوری سرزمین فلسطین میں نئی تحریک انتفاضہ کا آغاز کر دیا جائے گا۔
حماس نے دنیا کے عرب اور اسلامی ملکوں سے اپیل کی ہے کہ وہ امریکہ کو اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے بیت مقدس منتقل کرنے سے باز رکھنے کی غرض سے ٹھوس اور عملی اقدامات انجام دیں۔