ڈاکٹر حسن روحانی اور اسماعیل ہنیہ کی ٹیلیفونی گفتگو
ایران کے صدر نے اس گفتگو میں باہمی اتحاد کے ذریعہ امریکی صیہونی سازش کو ناکام بنانے پر تاکید کی۔
فلسطینی تنظیم حماس کے سیاسی دفترکے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی کو ٹیلیفون پر فلسطین کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔
صدر مملکت حسن روحانی نے اس گفتگو میں باہمی اتحاد کے ذریعہ امریکی صیہونی سازش کو ناکام بنانے پر تاکید کی۔ صدر حسن روحانی نے کہا کہ امریکی صدر نے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت قراردے کر اسلام اور فلسطینیوں کے ساتھ امریکہ کی دشمنی کا آشکارا اعلان کردیا ہے۔ اسلامی ممالک کو امریکہ اور اسرائیل کے مکر و فریب میں نہیں آنا چاہیے ہمیں باہمی اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ امریکی صیہونی سازش کو ناکام بنانا چاہیے۔
ایران کے صدر اور اسماعیل ہنیہ نے ترکی کے شہر استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم کو واضح اور عملی پیغام دینا چاہیے۔
ایران کے صدر نے کہا کہ ایرانی قوم اور حکومت فلسطینی عوام کے ساتھ ہے اور رہے گی ۔ ہم بیت المقدس کی آزادی تک فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں۔
حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے فلسطین کی نئی انتفاضہ میں 4 فلسطینیوں کی شہادت اور 1500 سے زائد فلسطینیوں کے زخمی ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم ، ایران کی بے دریغ اور مخلصانہ حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ ایران فلسطین کا مخلص حامی ہے اور فلسطینیوں کو ایران کی حمایت پر فخر ہے۔