Dec ۱۶, ۲۰۱۷ ۱۹:۵۳ Asia/Tehran
  • بیت المقدس سے ذرہ برابر چشم پوشی نہیں کریں گے

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سربراہ نے کہا ہے کہ ہم بیت المقدس سے ذرہ برابر بھی چشم پوشی نہیں کریں گے۔

فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے انتفاضہ قدس کے شہدا کے جلوس جنازہ میں شریک لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام کی فتح یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بیت المقدس کے مغربی اور مشرقی حصے سے ذرہ برابر بھی چشم پوشی نہیں کریں گے۔
جمعے کو یوم غضب کے موقع پر صیہونی فوجیوں کے حملوں میں شہید ہونے والے چار فلسطینی نوجوانوں کے جلوس جنازہ میں ہزاروں فلسطینیوں نے شرکت کی۔شہیدوں کے جلوس جنازہ میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ اور دیگر فلسطینی گروہوں کے رہنما اور کمانڈرز بھی شریک تھے۔
جلوس جنازہ میں شریک ہزاروں فلسطینی سوگواروں کوخطاب کرتے ہوئےاسماعیل ہنیہ نے کہا کہ شہدا نے سب پر حجت تمام کردی ہے کہ فلسطینی عوام ذلت و پسپائی اختیار نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام بیت المقدس کے دفاع اور امریکی حکومت کے فیصلے کی منسوخی کے لئے جنگ کر رہے ہیں جس کی ایک مثال شہید ابو ثریا ہیں۔
انتیس سالہ معذور نوجوان ابراہیم ابوثریا کو ( جو دوہزار آٹھ میں صیہونی حکومت کے ہوائی حملوں میں اپنے دونوں پیروں سے معذور ہوگئے تھے) جمعے کے روز صیہونی فوجیوں نے غزہ میں گولی مار کرشہید کردیا۔ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ روئے زمین پر کوئی بھی شخص اس حقیقت کو تبدیل نہیں کرسکتا کہ بیت المقدس فلسطینیوں کا ہے اور ہمیں اس جنگ میں اپنی کامیابی کا پورا یقین ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف مغربی بیت المقدس اور صرف مشرقی بیت المقدس نہیں بلکہ ہم متحدہ بیت المقدس سے ذرہ برابر بھی چشم پوشی نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے شیطانی فیصلے کے خلاف جمعے کو فلسطینی علاقوں میں یوم غضب منایا گیا جس کے دوران صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں پر حملے کیے تھے جس کے نتیجے چار فلسطینی   شہید اور سیکڑوں دیگر زخمی ہوگئے تھے۔

ٹیگس