Dec ۱۸, ۲۰۱۷ ۱۴:۴۵ Asia/Tehran
  • فلسطینی علاقوں پر صیہونی فوج کے وحشیانہ حملے

صیہونی فوجیوں نے غزہ پٹی میں استقامتی گروہوں کے فوجی اڈوں پر حملہ کیا ہے جبکہ صیہونی فوجیوں نے غرب اردن میں متعدد فلسطینیوں کو گرفتار بھی کر لیا۔ اس درمیان فلسطینی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں پر زہریلی فاسفورس گیس کا استعمال کیا ہے۔

صیہونی فوجیوں نے پیر کی صبح غزہ پٹی کےعلاقے عسقلان میں مزاحمتی گروہوں کے اڈوں اور پولیس مرکز کو نشانہ بنایا جبکہ اسرائیل کی جنگی کشتیوں نے بھی جنوبی غزہ کے علاقے رفح کے ساحلوں پر گولہ باری کی-

المیادین ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ صیہونی فوجیوں نے غزہ کے شمال مغربی علاقے عسقلان کے قریب الواحہ میں حماس کے فوجی بازو عزالدین قسام بریگیڈ کے اڈوں پر بمباری کی ہے-

ادھر فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ تین میزائل غزہ کے اطراف میں صیہونی بستیوں پر فائر کئے جس کے دوران خطرے کے سائرن بجنے کی آوازیں سنائی دیں-

صیہونی فوجیوں نے اسی طرح غرب اردن کے مختلف علاقوں پر حملہ کر کے اٹھارہ فلسطینیوں کو کوئی وجہ بتائے بغیر گرفتار کر لیا-

صیہونی  فوجیوں نے اتوار اور پیر کی درمیانی رات بھی غرب اردن کے مختلف علاقوں پر حملہ کیا جس کے دوران صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں-

فلسطینی قیدیوں کے امور سے متعلق ایک ادارے کا کہنا ہے کہ بیت المقدس کے بارے میں ٹرمپ کے غیر قانونی اعلان کے بعد سے صیہونی فوجی اب تک ساڑھے چار سو سے زائد فلسطینیوں کو گرفتار کر‍ چکے ہیں-

غزہ میں فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف قدرہ نے عام شہریوں اور طبی عملے کے افراد پر صیہونی فوجیوں کے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیت المقدس کے خلاف امریکی صدر ٹرمپ کے فیصلے کے بعد سے صیہونی فوجیوں اور فلسطینیوں کے درمیان جو شدید جھڑپیں ہوئی ہیں ان میں اب تک آٹھ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ تین ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں-

صیہونی فوجیوں نے فلسطینیوں کو کچلنے کی کارروائیوں کو تیز کرتے ہوئے اب ان کے خلاف زہریلی فاسفورس گیس کو بھی استعمال کرنا شروع کر دیا-

غزہ کے جنوبی علاقے رفح میں طبی ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی فوجیوں کے ذریعے استعمال کی جانے والی زہریلی فاسفورس گیس پہلے والی گیس سے مختلف ہے-

ان ذرائع کا کہنا ہے کہ اس گیس کی وجہ سے دل کی دھڑکنیں تیز ہو جاتی ہیں، الٹیاں بے تحاشا ہوتی ہیں اور سر چکرانے لگتا ہے-

انہوں نے کہا کہ غزہ میں بڑی تعداد میں لوگ صیہونی فوجیوں کے ذریعے استعمال کی گئی اس زہریلی گیس سے متاثر ہوئے ہیں-

 

ٹیگس