یمن میں غذائی اشیا کے گوداموں پر سعودی عرب کی بمباری
Dec ۲۰, ۲۰۱۷ ۱۳:۰۷ Asia/Tehran
سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے یمن کے صوبے صنعا کے شہر حصبہ میں غذائی اشیا کے گوداموں کو اپنے ہوائی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
المیادین ٹی وی کے حوالے سے موصولہ رپورٹ کے مطابق یمنی ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ یمن کے مختلف علاقوں پر سعودی جارحیت کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور سعودی حملے میں صنعا کے جنوبی علاقے سواد میں ایک یمنی شہری شہید ہو گیا۔
یمن کے انسانی حقوق کے مرکز نے بھی یمن پر سعودی اتحاد کی جارحیت کے ایک ہزار دن مکمل ہونے پر اپنی ایک رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ یمن پر سعودی عرب کی جارحیت میں اب تک تیرہ ہزار، چھے سو، تین عام شہری شہید اور بائیس ہزار، دو سو، نواسی افراد زخمی ہو چکے ہیں۔دریں اثنا یمن میں ایک فوجی ذریعے نے اعلان کیا ہے کہ ضالع کے مضافاتی علاقے یعیس پر سعودی اتحاد کے فوجیوں کے حملے میں متعدد عام شہری شہید و زخمی ہوگئے۔