غرب اردن میں صہیونی فوجیوں کا حملہ
صیہونی فوجیوں نے بدھ کو بھی غرب اردن اور فلسطین کے دیگر علاقوں میں اپنی جارحانہ کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے رام اللہ میں تحریک الفتح کے متعدد رہنماؤں کو گرفتار کر لیا۔
فلسطین کے انفارمیشن سینٹر نے خبر دی ہے کہ غاصب صیہونی فوجیوں نے غرب اردن کے مختلف علاقوں منجملہ رام اللہ، قلقیلیا، الخلیل، نابلس، بیت لحم اور بیت المقدس میں فلسطینیوں پر حملے کئے-
صیہونی فوجیوں نے اپنے حملوں کے دوران ستائیس فلسطینیوں کو گرفتار بھی کر لیا جن میں الفتح کے کئی رہنما شامل ہیں۔ صیہونی فوجیوں نے بہت سے فلسطینیوں کو زخمی بھی کر دیا-
اس درمیان بدھ کو بھی غرب اردن کے فلسطینیوں نے ٹرمپ کے فیصلے کے خلاف شدید احتجاجی مظاہرے کئے-
دوسری جانب فلسطینی انتظامیہ کے سربراہ محمود عباس نے سعودی عرب کا دورہ کیا ہے- محمود عباس نے ریاض پہنچتے ہی سعودی وزیرخارجہ عادل الجبیر سے ملاقات کی جس میں بیت المقدس سے متعلق ٹرمپ کے فیصلے اور اس کے ممکنہ نتائج کا جائزہ لیا گیا-
محمودعباس نے سعودی عرب کا یہ دورہ ایک ایسے وقت کیا ہے جب امریکی حکام بھی سعودی عرب کے دورے پر ہیں- کچھ مبصرین، محمود عباس کے اس دورے کو بیت المقدس کے سلسلے میں امریکی اور سعودی منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش سے تعبیر کر رہے ہیں۔