شیخ زکزکی کے خلاف حکومت نائیجیریا کی سازش
نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے ایک سینیئر رکن نے اس تحریک کے رہنما آیت اللہ شیخ الزکزکی کی شہادت کے لئے حکومت نائیجیریا کی سازش کو بے نقاب کیا ہے۔
نائیجیریا کی اسلامی تحریک کے ایک سینیئر رکن ابراہیم سلیمان نے پیر کے روز تسنیم نیوز ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جسمانی صحت بگڑنے کے پیش نظر حکومت نائیجیریا سے بارہا درخواست کی گئی ہے کہ آیت اللہ شیخ الزکزکی کو علاج کے لئے اہل خانہ کے ساتھ بیرون ملک بھیجا جائے مگر حکومت نے ہمیشہ اس درخواست کو نامنظور کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ حکومت نائیجیریا کی ان چالوں سے پتہ چلتا ہے کہ وہ اسلامی تحریک کے رہنما آیت اللہ شیخ الزکزکی کی شہادت کی سازش تیار کر رہی ہے۔
ابراہیم سلیمان نے کہا کہ آیت اللہ شیخ الزکزکی کی آزادی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ نائیجیریا کے صدر محمدو بوہاری ہیں جو خود قانون کی کوئی پرواہ نہیں کرتے۔
انھوں نے نائیجیریا میں آیت اللہ شیخ الزکزکی کے سلسلے میں حکومت اسلامی جمہوریہ ایران اور شیعہ مرجعیت کی جانب سے انجام پانے والی کوششوں کی قدردانی بھی کی۔
واضح رہے کہ آیت اللہ شیخ الزکزکی کو حکومت نائیجیریا نے دسمبر دو ہزار پندرہ سے ان کے اہل خانہ کے ہمراہ حراست میں لے رکھا ہے۔