Dec ۲۷, ۲۰۱۷ ۱۷:۲۷ Asia/Tehran
  • بحرینی عوام کے حکومت مخالف مظاہرے

بحرین کے مختلف علاقوں میں عوام نے مظاہرے کر کے شہریوں کو پھانسی کی سزا سنائے جانے پر شدید احتجاج کیا-

بحرین کی فوجی عدالت نے پیر کو اپنے ایک فیصلے میں چھے بحرینی شہریوں کو بے بنیاد الزام میں پھانسی کی سزا سنائی ہے- فوجی عدالت نے جن چھے شہریوں کو موت کی سزا سنائی ہے ان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے بحرینی فوج کے کمانڈر کے قتل کا منصوبہ بنایا تھا-

لبنان کے المنار ٹیلی ویژن چینل نے بدھ کو بحرینی شہریوں کے مختلف علاقوں میں کئے گئے مظاہروں منجملہ الدراز کے محصور علاقے میں ہوئے مظاہرے کی تصویر نشر کر کے خبر دی ہے کہ قابل غور نکتہ یہ ہے کہ عام شہریوں کو موت کی سزا فوجی عدالت نے سنائی ہے- مظاہرین نعرے لگا رہے تھے کہ عام شہریوں کے خلاف فوجی عدالت کا یہ فیصلہ واپس لے لیا جائے-

المنار ٹیلی ویژن چینل نے خبر دی ہے کہ بحرینی سیکورٹی فورس کے اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا- بحرین کی علما کونسل کے رکن شیخ حسن عصفور نے عدالتی فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فوجی عدالت کے ذریعے عام شہریوں کے خلاف پھانسی کی سزا کا فیصلہ درحقیقت بحرینی عوام اور سیاسی مخالفین کو تشدد اور جارحیت کا نشانہ بنانے کا پیغام ہے-

انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتیں اب ملک میں ہر طرح کی سرگرمیوں کو کچلنے پر آمادہ ہوگئی ہیں- پیر اور منگل کی درمیانی رات بھی بحرینی عوام نے بڑے پیمانے پر مظاہرے کر کے فوجی عدالت کے فیصلے کی مذمت کی-

 

ٹیگس