عرب ممالک امریکہ میں سفارت خانے بند کر دیں، لبنان کی اپیل
لبنان کے پارلیمانی اسپیکر نے امریکی صدر کے قدس مخالف فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے امریکہ میں عرب ملکوں کے سفارت خانے بند کئے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اپنے ایک پیغام میں لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر نبی بری نے امت مسلمہ پر زور دیا ہے کہ وہ بیت المقدس اور مسجد الاقصی کی آزادی کے لیے اپنی پوری توانائیاں بروئے کار لائیں۔
انہوں نے کہاکہ تمام عرب ملکوں کو چاہیے کہ وہ فلسطینی عوام کی حمایت میں متحدہ طور پر امریکہ میں اپنے سفارت خانے بند کر دیں۔
لبنان کے اسپیکر نے امریکی صدر کے قدس مخالف فیصلے پر عرب ممالک کے مذمتی بیانات کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر کا یہ فیصلہ نہ صرف قانون، سیاست اور اس شہر کی تاریخ پر حملہ ہے بلکہ اسرائیل کے ناجائز قبضے کو جائز قرار دینے کے مترادف ہے۔
انہوں نے فلسطینی شہیدوں، زخمیوں اور قیدیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے اپنی جدوجہد سے مسئلہ فلسطین کو بدستور زندہ رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام، صیہونی کالونیوں کی تعمیر اور فلسطینیوں کو دیگر ملکوں میں زبردستی آباد کرنے کے سازشی معاہدے کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور انہوں نے اپنی وطن واپسی کے حق اور بیت المقدس کے دارالحکومت کے ساتھ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے خلاف ہونے والی سازش کو ناکام بنا دیا ہے۔
لبنان کے اسپیکر نے فلسطینیوں کے اتحاد کو غاصبانہ قبضے کے لیے دفاع کا بہترین ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپنی سرزمین کی آزادی کے لیے جدوجہد اور مزاحمت کرنا فلسطینی عوام کا بنیادی اور فطری حق ہے۔