تمام فلسطینیوں کی وطن واپسی کے حق پر تاکید
فلسطینی عوام کے اسلامی انقلاب کی حامی کمیٹی نے دنیا بھر کے مسلمانوں اور آزاد منش انسانوں پر زور دیا ہے کہ وہ سرزمین فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کے لیے اپنی کوششوں میں ہم آہنگی پیدا کریں۔
انیس جنوری، یوم غزہ کے موقع فلسطینی عوام کے اسلامی انقلاب کی حامی کمیٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر کے مسلمان اور آزاد منش لوگوں کو چاہیے کہ وہ فلسطین اور بیت المقدس کی آزادی کے لئے متحدہ کوششیں کریں تاکہ تمام فلسطینیوں کی وطن واپسی کا راستہ ہموار ہو سکے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران شروع سے تحریک مزاحمت اور فلسطین کے مظلوم عوام کا حامی رہا ہے اور منھ زور طاقتوں کے مقابلے میں دنیا بھر میں مظلوموں کا دفاع کرنا اس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔
بیان کے مطابق فلسطین کا مسئلہ اور مظلوم فلسطینیوں کا دفاع ایرانی عوام کی دلی خواہش اور تمنا ہے۔
ایران کے ایوان صدر کی مذکورہ کمیٹی نے صیہونی سامراج کی جانب سے بیت المقدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کیے جانے کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے متحدہ بیت المقدس کو فلسطینی مملکت کا ابدی دارالحکومت قرار دیا۔