Jan ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۴:۵۱ Asia/Tehran
  • ترک فوج کی کارروائی پر شام کا احتجاج

شام کی وزارت خارجہ نے ملک کے شمالی شہر عفرین پر ترک فوج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے اپنے قومی اقتدار اعلی کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

شام کی وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی ترک فوج کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اس کے سدباب کے لیے ضروری اقدامات عمل میں لائے۔
شام کی وزارت خارجہ کے  ترجمان نے ترکی کے اس دعوے کو بھی مسترد کر دیا  کہ انقرہ حکومت نے عفرین میں فوجی کاروائی سے قبل دمشق کو اعتماد میں لیا تھا۔
ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاؤش اوغلو نے شمالی شام میں فوجی آپریشن کے آغاز کے فورا بعد دعوی کیا تھا کہ انقرہ نے ایک مراسلے کے ذریعے شامی حکومت کو اپنے اس اقدام سے آگاہ کیا تھا۔
ترک فوج نے جمعے کے روز توپخانے سے شام کے شہر عفرین میں کردوں کی ڈیموکریٹ فورس کے ٹھکانوں پر گولہ باری کی ہے جسے آپریشن زیتون کی شاخ کا نام دیا گیا ہے۔
ترک فوج اس سے پہلے بھی شام میں فرات شیلڈ کے نام سے آپریشن کر چکی ہے۔
واضح رہے کہ شام کی حکومت پہلے ہی اپنی سرزمین پر ترک فوج کے آپریشن، حملوں اور فوجی موجودگی کو غیر قانونی قرار دے چکی ہے۔

 

ٹیگس