آل خلیفہ کے خلاف بحرینی عوام کے مظاہرے
بحرین کے عوام نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے محاصرے کے خلاف کل اس ملک کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے کئے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے عوام نے آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے محاصرے کے خلاف کل اس ملک کے مختلف علاقوں من جملہ دارالحکومت منامہ میں احتجاجی مظاہرے کئے اور آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے حق میں نعرے لگائے۔ مظاہرین نے فوری طور پر آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے محاصرے کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب آل خلیفہ کے فوجیوں نے کل بھی الدراز میں جہاں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کا گھر واقع ہے نماز جمعہ پر پابندی بر قرار رکھی اور لوگوں کو گزشتہ 80 ہفتوں کی طرح کل بھی نماز جمعہ ادا کرنے نہیں دیا۔ بحرینی عوام نے نماز جمعہ پر لگائی گئی پابندی کی مذمت کرتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
واضح رہے کہ بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے عوامی انقلابی تحریک جاری ہے اور اس ملک کے عوام آزادی و انصاف کے قیام، نسلی امتیاز کے خاتمے اور منتخب حکومت کے بر سر اقتدار آنے کا مطالبہ کر رہے ہیں تاہم آل خلیفہ حکومت سعودی فوجیوں اور متحدہ عرب امارات کے سیکورٹی اہلکاروں کی مدد سے اس ملک کے عوام کے احتجاجی مظاہروں کو سختی سے کچل رہی ہے۔