ایران، بیت المقدس کے بارے میں عالمی کانفرنس بیان جاری کرکے ختم
اسلامی جمہوریہ ایران میں القدس، ادیان کا پُرامن دارالحکومت' کے عنوان سے عالمی کانفرنس اختتامی بیان جاری کرنے کے بعد ختم ہوگئی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے دارالحکومت تہران میں القدس، ادیان کا پُرامن دارالحکومت' کے عنوان سے عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کے اختتامی اعلامیہ میں شرکا نے بیت المقدس کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے فیصلے سے عالم امن و سلامتی کو خطرات لاحق ہیں۔
شرکاء نے متفقہ طور پر پاس ہونے والے اس اعلامیہ میں القدس کو فلسطینی سرزمین کا ناقابل انکار دارالحکومت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے امریکی صدر کا فیصلہ عالمی امن کے لئے خطرہ ہے۔
اعلامیہ کے مطابق، فلسطین کے مستقبل پر فیصلے کرنے کا حق صرف فلسطینی عوام کو حاصل ہے۔ شرکا نے ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے تمام ادیان کے خلاف اور عالمی امن کے لئے خطرہ قرار دیا۔
اعلامیہ کے مطابق، ناجائز صہیونی حکومت ایک قابض اور جعلی حکمرانوں پر مشتمل غیرقانونی ریاست ہے جس کا فلسطینی سرزمین پر کوئی حق نہیں ہے۔
القدس کانفرنس کے شرکا نے تمام علاقائی اور عالمی اداروں اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا کہ ٹرمپ کے فیصلے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے مظلوم فلسطینی عوام کو ان کے حقوق دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔