چار بحرینی شہری جبری طور پر ملک بدر
بحرین کی آل خلیفہ حکومت نے اپنے شہریوں کے حقوق پامال کرتے ہوئے چار بحرینی باشندوں کی شہریت منسوخ کر کے انہیں ملک بدر کر دیا۔
بحرین سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہے کہ آل خلیفہ حکومت نے بحرین کے چار شہریوں کو جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے، زبردستی ہوائی اڈے پرلے جا کر انہیں عراق ملک بدر کر دیا-
جن شہریوں کو ملک بدر کیا گیا ہے ان میں تین بھائی ہیں اور ملک بدر کی گئی خاتون انہی تینوں بھائیوں میں سے ایک کی بیوی ہے- جن تین بھائیوں کو ملک بدر کیا گیا ہے ان کے نام سید محمد، سید امیر اور سید عبدالنبی ہیں اور مریم حسینی سید عبدالنبی کی بیوی ہیں-
تینوں بھائیوں کا تعلق بحرین کے معروف گھرانے سے ہے اور سید امیر موسوی بحرین کے مشہور ذاکر اہل بیت ہیں-
ان تینوں بھائیوں کی شہریت دو ہزار بارہ میں منسوخ کر دی گئی تھی اور اپیل کورٹ نے بھی گذشتہ ہفتے ان کی اپیل کو مسترد کر دیا تھا-
بحرینی حکومت نے پچھلے دنوں بھی دس بحرینی شہریوں کی شہریت منسوخ کر دی تھی- بحرین میں فروری دو ہزار گیارہ سے آل خلیفہ حکومت کے خلاف پرامن تحریک جاری ہے جس کے دوران اب تک سیکڑوں بحرینی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کو گرفتار کرکے جیلوں میں بند کر دیا گیا ہے-
بحرینی حکومت نے بڑی تعداد میں بحرینی شہریوں کی شہریت بھی منسوخ کر دی ہے-