Feb ۱۸, ۲۰۱۸ ۲۰:۳۰ Asia/Tehran
  • شمالی عراق میں اجتماعی قبر کا انکشاف

عراقی فوج نے موصل کے جنوب میں غیر فوجیوں سے متعلق ایک اجتماعی قبر کا انکشاف کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق شمالی عراق میں اس اجتماعی قبر سے ستّر عام شہریوں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں جنھیں داعش دہشت گردوں نے صوبے نینوا میں موصل کے جنوب میں موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔

عراقی فوج اب تک داعش کے زیرقبضہ رہنے والے علاقوں سے کئی اجتماعی قبروں کا انکشاف کر چکی ہے۔

ہفتے کے روز بھی عراقی فوج نے شمالی عراق میں صوبے نینوا کے علاقے القیارہ میں ایک اجتماعی قبر کا انکشاف کیا تھا جس سے ایک سو گیارہ عام شہریوں کی لاشیں نکالی گئی تھیں اور جنھیں داعش دہشت گردوں نے قتل کر کے ایک جگہ دفن کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ داعش دہشت گردوں نے دو ہزار چودہ میں امریکہ اور اس کے اتحادی بعض مغربی و عرب ملکوں منجملہ علاقے کے بعض ملکوں کی حمایت و مدد سے عراق پر حملہ کر کے اس ملک کے ایک وسیع و عریض علاقے پر قبضہ کر لیا تھا اور پھر اپنے زیرقبضہ علاقوں میں داعش دہشت گردوں نے بے انتہا وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کیا تھا۔

عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے نومبر دو ہزار سترہ میں صوبے الانبار کے شہر راوہ کو، جو عراق میں داعش دہشت گرد گروہ کا آخری گڑھ تھا اس گروہ کے قبضے سے آزاد کرا لیا تھا اور اس شہر کی آزادی کے ساتھ ہی عراق کے تمام علاقوں سے داعش دہشت گرد گروہ کا قبضہ ختم کرا لیا گیا۔

ٹیگس