ایران عمان تعلقات کے فروغ پر تاکید
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے عمان کے وزیر خارجہ کے ساتھ ملاقات میں تہران مسقط تعلقات کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اتوار کے روز کے تہران میں عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی کے ساتھ ملاقات میں صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عمان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کی تقویت کے لئے بینکاری تعاون کے فروغ اور تاجروں اور صنعتکاروں کی آمد و رفت میں آسانیاں پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ علاقائی مسائل اور مشکلات کے حوالے سے ایران اور عمان کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں اور دونوں ممالک کو اپنے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کی جانب قدم آگے بڑھانا چاہئے۔
صدر ایران نے یہ بات زور دے کر کہی کہ خطے کی بدامنی کا سب سے زیادہ نقصان خطے کے ملکوں کو ہی اٹھانا پڑے گا۔
ڈاکٹر حسن روحانی نے یمن پر بمباری اور یمنی عوام کا قتل عام بند کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ایران اور عمان کے درمیان دو طرفہ تعاون کے نتیجے میں اس ملک میں امن کے قیام اور یمنی عوام تک امداد رسانی میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔
عمان کے وزیر خارجہ یوسف بن علوی نے مسقط اور تہران کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ بھرپور اور ہمہ گیر تعلقات کا خواہاں ہے اور تجارتی اور ثقافتی تعلقات کے فروغ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔
یوسف بن علوی نے علاقائی امن و استحکام کی تقویت کے لیے ایران کی کوششوں کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں جھڑپوں کا، یمنی عوام کے لیے مصیبت اور خطے میں بحران و بدامنی کے سوا کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کی جانی چاہیے کہ یمنی عوام کا قتل عام جلد از جلد بند ہو تاکہ انسان دوستانہ امداد کا سلسلہ شروع کیا جا سکے۔