آیت اللہ عیسی قاسم کے گھر کے محاصرے کو 300 دن مکمل
بحرین کے سرکردہ عالم دین اور شیعیان بحرین کے قائد آیت اللہ عیسی قاسم کے گھر کے محاصرے کو تین سو دن مکمل ہو گئے ہیں۔
ہمارے نمائندے کے مطابق شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے پچھلے تین سو روز سے ملک کی اکثریتی آبادی کے رہنما آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کا محاصرہ کر رکھا ہے اور لوگوں کو ان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔
اس مدت کے دوران آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کو صرف دو بار مختصر مدت کے لیے آپریشن کی غرض سے گھر سے باہر جانے کی اجازت دی گئی۔
بحرین کی شاہی حکومت نے عوام کے دھرنے کو آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے محاصرے کی وجہ قرار دیا تھا لیکن گزشتہ سال موسم بہار میں دھرنے کے شرکا کے قتل عام کے بعد بھی ان کے گھر کا محاصرہ بدستور جاری ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بحرین کی شاہی حکومت کے سیکورٹی اہلکاروں نے گزشتہ سال جون میں آیت اللہ شیخ عیسی قاسم کے گھر کے باہر دھرنا دینے والوں پر حملہ کر کے پانچ افراد کو شہید کر دیا تھا۔ اس حملے میں دو سو بحرینی شہری زخمی بھی ہوئے تھے جبکہ دو سو چھیاسی کو گرفتار کر کے جیلوں میں بند کر دیا گیا تھا۔