Mar ۲۷, ۲۰۱۸ ۲۱:۵۷ Asia/Tehran
  • صدر مملکت کا دورہ ترکمنستان، تیرہ سمجھوتوں پر دستخط

اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکمنستان کے صدور نے ایک مشترکہ بیان جاری کرکے باہمی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔

عشق آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران اور ترکمنستان کے صدور کے مذاکرات کے اختتام پردونوں ملکوں نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا اور سبھی میدانوں میں اپنے تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا - اس مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دوطرفہ اور علاقائی نیز عالمی سطح منجملہ اقوام متحدہ ، اقتصادی تعاون کی تنظیم اور او آئی سی کے پلیٹ فارم پر باہمی تعاون کو مستحکم بنانے کے لئے دونوں ملکوں کے مابین سیاسی صلاح ومشورے بہت ہی اہم ہیں۔

دونوں ملکوں کے صدور نے افغانستان میں قیام امن کی کوششوں کی بھی حمایت کی اور امید ظاہر کی  کہ افغانستان میں امن قائم ہوگا اور یہ ملک ترقی وپیشرفت کی منزلیں طے کرے گا۔

ایران اور ترکمنستان نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا اور اس لعنت کو عالمی امن و سلامتی کے لئے خطرہ قراردیا۔

قبل ازیں ایران اور ترکمنستان کے صدور نے اپنے باضابطہ مذاکرات میں دونوں ملکوں کی توانائیوں کا ذکرکرتے ہوئے سبھی میدانوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تاکید کی۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے دونوں ملکوں کے  اعلی سطحی وفود کے مشترکہ اجلاس میں کہا کہ ایران اور ترکمنستان مختلف شعبوں منجملہ ٹرانزیٹ ، انرجی اور حمل و نقل کے شعبوں میں بہت زیادہ تعاون کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت حسن روحانی نے کہاکہ ایران اور ترکمنستان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے لئے اپنے تاریخی اور ثقافتی اشتراکات سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ترکمنستان کے ساتھ دوستانہ اور برادارنہ تعلقات اور دوستی ایران کے لئے اہمیت کی حامل ہے۔

صدر روحانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان سیاحوں کی رفت و آمد کے لئے سہولتیں فراہم کرنا ہوائی اور ریلوے ٹرانسپورٹ کے میدان میں تعاون دوطرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں موثر ہے - ترکمنستان کے صدر قربان قلی بردی محمد اف نے بھی مختلف اقتصادی، سیاسی ، ثقافتی اور سماجی میدانوں میں ایران اور ترکمنستان کے روز افزوں تعلقات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ بہت سے علاقائی اور عالمی مسائل بالخصوص عالمی امن و صلح کے تعلق سے عشق آباد اور تہران یکساں اور مشترکہ نظریات رکھتے ہیں۔

صدر ڈاکٹر حسن روحانی کے دورہ ترکمنستان میں دونوں ملکوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کی تیرہ دستاویزات پر دستخط کئے ہیں جن میں تجارت، کسٹم کے شعبے میں الیکٹرانیک انفارمیشن،  ثقافت، زراعت، کھیل اور ہوائی ٹرانسپورٹ جیسے شعبے شامل ہیں۔

صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی ترکمنستان کا سرکاری دورہ مکمل کرکے بدھ کی شام آذربائیجان کے سرکاری دورے پر باکو روانہ ہوگئے۔

ٹیگس