8 افغان فوجی ہلاک، طالبان نے ذمہ داری قبول کی
افغانستان کے صوبہ قندوز میں طالبان سے جھڑپ میں 8 افغان فوجی ہلاک ہوگئے۔
افغان میڈیا کے مطابق، قندوز کے ضلع دشت ارچی میں درجنوں طالبان عسکریت پسندوں نے فوجی چوکیوں پر دھاوا بول دیا اور جھڑپ میں 8 افغان فوجی ہلاک ہوگئے۔ طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔
دوسری جانب افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں کسٹم فنانس ڈپارٹمنٹ کی عمارت پر مسلح افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے۔
افغان حکام کے مطابق، مسلح افراد نے کسٹم کے فنانس ڈپارٹمنٹ کی عمارت پر فائرنگ کی، سیکیورٹی فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی تاہم اس دوران ایک خودکش حملہ آور نے عمارت کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا۔
گورنر ننگر ہار کے ترجمان عطااللہ خوگیانی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مسلح افراد اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان کئی گھنٹے تک مقابلہ ہوا جبکہ حملہ آوروں کی تعداد کے حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔