May ۱۹, ۲۰۱۸ ۱۵:۱۳ Asia/Tehran
  • صیہونی فوج کے حملے میں ایک اور فلسطینی شہید

غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ مظالم اور غاصبانہ اقدامات کے خلاف فلسطینیوں کا پرامن واپسی مارچ جاری ہے جس کے دوران صیہونی فوج نے اپنی تازہ ترین جارحیت میں ایک اور فلسطینی کو شہید کردیا ہے -

غزہ کی سرحد پر فلسطینی عوام کا واپسی مارچ گذشتہ تیس مارچ سے بدستور جاری ہے یہ واپسی مارچ یوم الارض کی مناسبت سے شروع ہوا تھا اوراسی دن صیہونی فوجیوں نے پرامن فلسطینی مظاہرین پر حملہ کرکے بیس فلسطینیوں کو شہید اور دو ہزار دیگر کو زخمی کردیا جس کے بعد سے فلسطینیوں کا واپسی مارچ بدستور جاری ہے اور چودہ مئی یوم نکبہ اور امریکی سفارتخانے کی تل ابیب سے بیت المقدس منتقلی کے دن بہت بڑی تعداد میں فلسطینیوں نے واپسی مارچ میں حصہ لیا -

دوسری جانب صیہونی فوج نے اپنی سفاکیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہتے فلسطینیوں پر حملہ کرکے ساٹھ سے زائد فلسطینیوں کو شہید اور ہزاروں دیگر کو زخمی کردیا - فلسطین کے انفارمیشن سینٹر کے مطابق صیہونی فوج نے اپنی تازہ ترین جارحیت میں ایک اٹھاون سالہ فلسطینی معین الساعی کو غزہ کے مغربی علاقے میں گولی مار کرشہید کردیا ہے -

کہا جارہا ہے صیہونی فوجیوں نے اس کو گولی مار کر بری طرح زخمی کردیا جس کے بعد وہ فلسطینی شہری زخموں کی تاب نہ لاکر شہید ہوگیا- اٹھاوہ سالہ فلسطینی شہری معین الساعی کی شہادت سے گذشتہ تیس مارچ سے اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ایک سو اٹھارہ ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد  بارہ ہزار سے بھی زیادہ پہنچ گئی ہے - صیہونی فوجیوں کے وحشیانہ حملوں کے بعد پوری دنیا میں اسرائیل مخالف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور عالمی برادری نے اسرائیل کے وحشیانہ  اقدامات کی مذمت کرنے کے ساتھ صیہونی حکومت کی اندھی حمایت اور اپنا سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کرنے کے امریکی اقدام کی بھی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے -

اس دوران مارہ مبارک رمضان کے پہلے جمعے کو بھی بہت  بڑی تعداد میں فلسطینیوں نے غزہ کی سرحد پر واپسی مارچ نکالا - صیہونی فوجیوں نے جمعے کو بھی فلسطینیوں پر وحشیانہ حملہ کیا - جبکہ صیہونی فوجیوں نے متعدد فلسطینیوں کو گرفتارکرلیا ہے - دوسری جانب حماس نے فلسطینیوں کے خلاف صیہونی حکومت کے مظالم کی تحقیقات کے لئے ایک کمیٹی روانہ کرنے کے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی قرارداد کا خیرمقدم کیاہے -

اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے اٹھارہ مئی کو جنیوا میں ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دینے سے متعلق سلامتی کونسل کی دراخواست پر رضامندی ظاہر کردی ہے - حماس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ صیہونی مظالم پر انسانی حقوق کمیشن کے سربراہ زید بن رعد الحسین کی تنقید اور سرزمین فلسطین پر غاصبانہ قبضے کے خاتمے سے متعلق ان کا مطالبہ قابل تعریف ہے

 

ٹیگس