افغانستان میں درجنوں طالبان عناصر کی ہلاکت
May ۲۰, ۲۰۱۸ ۲۱:۰۲ Asia/Tehran
افغانستان کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہےکہ افغانستان کے مختلف صوبوں منجملہ غزنی اور ارزگان میں افغان سیکورٹی اہلکاروں کی کارروائیوں میں طالبان گروہ کے اکیاسی عناصر ہلاک اور کئی دیگر زخمی ہو گئے۔
کابل سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق افغان وزارت دفاع کے پریس دفتر نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ طالبان گروہ کے تیس عناصر غزنی کے علاقے اجرستان میں ہلاک ہوئے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ طالبان نے اس علاقے کا محاصرہ کر لیا تھا جہاں افغان سیکورٹی اہلکاروں اور طالبان کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں۔
افغان وزارت دفاع کے مطابق صوبے غزنی کے علاقے خواجہ عمری اور ارزگان کے علاقے چوری اور خاص ارزگان میں طالبان کے اکیاون عناصر مارے گئے جبکہ طالبان کے دو خفیہ ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔