صیہونی حکومت کو فلسطین کی تحریک مزاحمت کا میزائلی جواب
غاصب صیہونی حکومت کی جارحیت کے جواب میں فلسطین کی تحریک مزاحمت نے غزہ کے قریب صیہونی حکومت کے مختلف ٹھکانوں پر بائیس میزائل فائر کئے۔
فلسطین کے انفارمیشن سینٹر نے خبردی ہے کہ صیہونی حکومت کے ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ فلسطین کی تحریک مزاحمت نے منگل کی صبح مقبوضہ علاقوں پر بائیس میزائل فائر کئے۔ دو ہزار چودہ کے موسم گرما میں ہونے والی پچاس روزہ جنگ کے بعد سے فلسطین کی تحریک مزاحمت کی جانب سے یہ حملے غیرمعمولی ہیں - ان صیہونی ذرائع کا کہنا ہے کہ فلسطین کی تحریک مزاحمت کے فائر کردہ ان میزائل کو تباہ کرنے کے لئے صیہونی حکومت کے اینٹی میزائل سسٹم آئرن ڈوم نے اپنا کام کیا مگر پھر بھی بیشتر میزائل صیہونی حکومت کے مختلف ٹھکانوں پر جا کر لگے اور اسرائیل کو کافی نقصان پہنچا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوج نے صیہونی انتہا پسندوں سے کہا ہے کہ وہ محفوظ علاقوں اور پناہ گاہوں میں رہیں اور فی الحال باہر نہ نکلیں۔ صیہونی حکومت کے ٹھکانوں پر فلسطین کی تحریک مزاحمت کا یہ میزائل حملہ، غزہ کے شمال میں صیہونی حکومت کے جارحانہ حملے کے جواب میں کیا گیا ہے۔ صیہونی حکومت کے اس حملے میں ایک فلسطینی شہید ہو گیا تھا۔فلسطین کی اسلامی مزاحمتی تحریک حماس نے غزہ کی پچاس روزہ جنگ میں ٹنلوں سے استفادہ کرتے ہوئے غزہ کے قریب صیہونی فوج کے ٹھکانوں پر کامیاب حملے کئے تھے چنانچہ دو ہزار چودہ میں ہونے والی اس جنگ کے بعد صیہونی فوج نے بارہا فلسطین کی تحریک مزاحمت کی فوجی توانائی کا اعتراف بھی کیا۔ فلسطین کی تحریک مزاحمت کی جانب سے غزہ کے قریب صیہونی حکومت کے فوجی ٹھکانوں پر جوابی کارروائی کے تحت بائیس میزائل فائر کئے جانے پر صیہونی حکومت کے وزیر اعظم بنیامین نتن یاہو نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس تشکیل دینے کا اعلان کیا۔صیہونی حکام اس بات سے سخت حیران و پریشان اور خوف زدہ ہیں کہ اینٹی میزائل سسٹم آئرن ڈوم کے استعمال کے باوجود فلسطین کی تحریک مزاحمت کے کئی میزائل اپنے اہداف پر کیسے جا کر لگے ہیں۔