Jun ۰۱, ۲۰۱۸ ۱۸:۵۲ Asia/Tehran
  • یمنی فوج نے ایک سعودی اپاچی ہیلی کاپٹر مار گرایا

یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی عرب کا ایک اپاچی ہیلی کاپٹر مار گرایا ہے۔ یمنی فوج نے اسی طرح جارح سعودی اتحاد کی کئی گاڑیاں تباہ اور دسیوں سعودی آلہ کار فوجیوں کو ہلاک کر دیا۔ دوسری جانب جنوبی یمن میں آل سعود اور متحدہ عرب امارات سے وابستہ کرائے کے فوجیوں کے درمیان جھڑپوں کی خبر ہے۔

فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے اینٹی ایرکرافٹ یونٹ نے سعودی عرب کے آپاچی ہیلی کاپٹر کو جیزان کے علاقہ میں نشانہ بنایا ہے۔

یمنی ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر میں  سوار  تمام افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ سعودی عرب کی جانب سے یمن کے ہمہ جہتی محاصرے کے باوجود یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی دفاعی توانائی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

دریں اثنا یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے صوبے تعز کے علاقے عصیفرہ میں سعودی اتحاد کی بکتربند گاڑیوں کو تباہ کر دیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بکتربند گاڑیوں میں موجود سعودی اتحاد کے تمام فوجی ہلاک و زخمی ہو گئے۔

تعز کے علاقے الصلو میں بھی یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی اتحاد کے کئی فوجیوں کو ہلاک و زخمی کر دیا۔

ادھر متحدہ عرب امارات سے وابستہ کرائے کے فوجیوں نے جنوبی یمن کے شہر الضالع کے العبود فوجی مرکز سے سعودی عرب سے وابستہ فوجیوں کو پیچھے ہٹاتے ہوئے اس شہر پر قبضہ کر لیا۔ الضالع میں ہونے والی جھڑپوں میں سات آلہ کار فوجی ہلاک اور دسیوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

جارح سعودی اتحاد سے وابستہ ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوبی یمن کے صوبے ابین میں متحدہ عرب امارات سے وابستہ خصوصی فورس کے کمانڈر ہود صالح کو موٹرسائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنا کر ہلاک کر دیا۔

واضح رہے کہ جنوبی یمن کے صوبے، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے وابستہ کرائے کے فوجیوں کے درمیان جھڑپوں اور بحران و کشیدگی کا میدان بنے ہوئے ہیں۔

سعودی عرب، غریب اسلامی عرب ملک یمن کے خلاف فوجی اتحاد قائم اور اس ملک کو وحشیانہ طریقے سے جارحیت کا نشانہ بنائے رکھنے کے باوجود اب تک اپنا کوئی بھی مقصد حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا ہے۔

ٹیگس