یوم القدس، مظلوموں کے حق کے دفاع کا دن
دنیا بھر کے روزہ دار عوام اس سال عالمی یوم القدس کی ریلیوں میں بھر پور طریقے سے شرکت کریں گے۔
بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی جانب سے یوم القدس کا اعلان عالم اسلام کے مظلوموں کے حق کے دفاع کا ایک اسٹریٹیجک جہادی اعلان تھا، جس سے نہ صرف فلسطینی کاز بلکہ دنیا میں استعماری و استکباری نظام کو چیلینج کرنے والے نظریے کو بھی بہت زیادہ فائدہ پہنچا۔
حضرت امام خمینی (رح) نے جب ایران کے شاہ کے خلاف اپنی تحریک کا اعلان کیا تو آپ نے اس وقت سے فلسطین کے مسئلے کو بھی اسی شدت سے اٹھایا۔ آپ نے اس وقت فلسطین کو عالم اسلام کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا اور اس کے لئے جدوجہد کرنے کی ہمیشہ تاکید کی۔
اسلامی انقلاب کی کامیابی اور امام خمینی (رح) کی رحلت کے بعد بھی یہ مسئلہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مرکزی پالیسی کا حصہ قرار پایا۔
اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد اس کی اہمیت کم کرنے کی کوشش کی گئی لیکن حضرت امام خمینی (رح) نے ہر سال رمضان المبارک میں جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے نام سے منانے کا اعلان کرکے سازشی عناصر کے تمام کوششوں کو ناکام بنا دیا۔
یوم القدس کے اسی اعلان کے بعد فلسطین کا مسئلہ ایک بار پھر عالم اسلام کے اہم مسئلے کی صورت میں عالمی سیاست میں نمایاں ہوا۔ اسی وجہ سے سامراجی میڈیا نے پوری کوشش کی کہ اس دن کو کم اہمیت ثابت کرے، لیکن یہ کوشش بھی ناکام ثابت ہوئی اور گذشتہ پینتیس سالوں سے اس میں ہر سال مزید بہتری آرہی ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ عالمی برادری کی توجہ اس مسئلہ کی طرف مبذول ہو رہی ہے اور اس کے نئے نئے زاویے سامنے آرہے ہیں۔
ایران کی ان کوششوں کے نتیجے میں فلسطین کی آزادی کی جدوجہد تیز ہوئی اور فلسطین کی آزادی کا مسئلہ پہلے سے بڑھ کر عالمی برادری میں نمایاں ہوا۔
آج پینتیس سال بعد بھی امام خمینی (رح) کی طرف سے اعلان کئے گئے یوم القدس کے مختلف زاویے سامنے آرہے ہیں اور صیہونی حکومت کی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے۔
جمعۃ الوداع کے اسی دن نے پوری دنیا کی حریت پسند تنظیموں کو اس بات کا موقع دیا ہے کہ وہ حضرت امام خمینی (رح) کی سامراج مخالف تحریک کو اپنے لئے نمونہ عمل قرار دے کر بیت المقدس کی آزادی کے لئے اپنی کوششوں کو تیز کریں۔ اس لئے کل بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی (رح) کی انتیسویں برسی کے اجتماع میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے مسئلہ فلسطین کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا کہ ایرانی قوم ہمیشہ فلسطینیوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور اس سال کاعالمی یوم القدس ماضی سے کہیں زیادہ پرشکوہ انداز میں منایا جائے گا ۔