Jun ۰۶, ۲۰۱۸ ۱۰:۴۳ Asia/Tehran
  • عالمی یوم القدس قبلہ اول کی آزادی کی سمت ایک قدم

دنیا بھر کے غیور عوام 23 رمضان المبارک کو فلسطین کے مظلوم عوام سے اظہار یکجہتی اور غاصب اسرئیل کے خلاف عالمی یوم القدس منائیں گے اور القدس ریلیاں نکالی جائیں گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران اور دنیا کے دوسرے ممالک کی طرح پاکستان اور ہندوستان میں بھی اس روز القدس ریلیاں نکالی جائیں گی۔

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سربراہ علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ جمعۃ الوداع کو فلسطینی مظلومین سے اظہار یکجہتی اور قبلہ اول کی آزادی کے لئے عالمی یوم القدس بھرپور انداز میں منایا جائے گا، ہم مظلوم فلسطینوں کے ساتھ ہیں اور قبلہ اول کی آزادی تک اس جدوجہد کو جاری رکھیں گے، اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ ملک کو داعش سے شدید سکیورٹی خدشات لاحق ہیں، امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک داعش کو افغانستان منتقل کرنے میں مصروف ہیں، اس عمل کے ساتھ ساتھ پاکستان کے مختلف مقامات پر داعش کی بڑھتی ہوئی کارروائیاں تشویش ناک ہیں، اس وقت نگران حکومت جس کی صوبائی و مرکزی کابینہ ہی مکمل نہیں ہوسکی اور ان کی توجہ کا مرکز انتخابات ہیں، ایسے میں یوم علی علیہ السلام کے جلوسوں کی سکیورٹی کے حوالے سے ہمیں تحفظات ہیں، ہمارا مطالبہ ہے کہ یوم علی (ع) پر فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔ سربراہ ایم ڈبلیو ایم کا کہنا تھا کہ 23 رمضان المبارک کو فلسطین کے مظلومین سے اظہار یکجہتی اور غاصب اسرئیل کے خلاف عالمی یوم القدس منایا جائے گا، ملک بھر کے تمام اہم اضلاع اور شہروں سے القدس کی ریلیاں نکالی جائیں گی۔
علامہ ناصرعباس کا کہنا تھا کہ شام، یمن، عراق اور افغانستان کی جنگیں گریٹر مڈل ایسٹ بنانے کی جنگ ہے جس کے درپردہ امریکہ اور اسرائیل کی سازش کارفرما ہے۔ آج حالات مختلف ہیں، نیل و فرات کی باتیں کرنے والا اسرائیل آج دیواریں کھڑی کرکے دفاع پر مجبور ہے، غاصب صیہونی ریاست کی ہیبت قصہ پارینہ بن چکی ہے، یہ ہمت اور حوصلہ حضرت امام خمینی (رح) نے امت مسلمہ کو دیا ہے، حضرت امام خمینی(رح) نے قبلہ اول کی آزادی کے لئے پوری امت کو یہ حکم دیا کہ ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو عالمی یوم القدس کے نام پر منائیں اور دنیا بھر میں ظالم فاشسٹ صیہونی غاصب ریاست کے مظالم سے پردہ اٹھائیں۔

دوسری جانب کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ حضرت امام خمینی(رح) کے حکم کے مطابق یوم القدس ہر سال دنیا بھر کے مظلوموں کی حمایت کے دن کے طور پر عالمی سطح پر منایا جاتا ہے، قائداعظم نے فلسطنیوں کی حمایت کرکے پاکستان کا موقف واضح کردیا تھا، مظلوم فلسطینوں کی حمایت میں گھروں سے نکلنا ہر شخص کا شرعی فریضہ ہے۔

ایم ڈبلیو ایم رہنما کا کہنا تھا کہ یوم القدس کے اجتماعات میں شیعہ سنی مشترکہ طور پر شریک ہوں گے، جمعۃالواداع کے خطبات میں یہود و نصاری کے مظالم اور امت مسلمہ کو درپیش خطرات کا خصوصی طور پر ذکر کیا جائے گا، ملک کے مختلف شہروں میں القدس کانفرنسز بھی منعقد کی جائیں گی جن میں ملک کی نامور سیاسی و مذہبی شخصیات اور مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے، مسلمانوں کے ازلی دشمن اور قبلہ اول پر قابض اسرائیل کی نابودی کے لئے امت مسلمہ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے، تاہم یہ امر افسوسناک ہے کہ مسلمانوں کے سارے اتحاد عالم اسلام کی پسپائی کے لئے وجود میں آتے ہیں، قبلہ اول کی آزادی مسلمانوں پر قرض ہے، عالم اسلام کو تفرقوں میں الجھا کر اسرائیل اور اسلام دشمن طاقتوں کی معاونت کی جا رہی ہے۔
 

ٹیگس