Jun ۰۷, ۲۰۱۸ ۰۶:۱۱ Asia/Tehran
  • قبلہ اول پر صیہونی غاصبانہ قبضہ، مسلم حکمرانوں کے لئے کھلا چیلنج

متحدہ علماء کونسل نے کہا ہے کہ قبلہ اول بیت المقدس پر صیہونی غاصبانہ قبضہ اور امریکی سفارت خانے کا قیام، مسلم حکمرانوں اور اسلامی فوجی اتحاد کے لئے کھلا چیلنج ہے۔

کراچی میں القدس سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مختلف مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا کہ قبلہ اول بیت المقدس پر صیہونی غاصبانہ قبضہ اور امریکی سفارت خانے کا قیام مسلم حکمرانوں اور اسلامی فوجی اتحاد کے لئے کھلا چیلنج اور تازیانہ ہے، فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے نام نہاد اسرائیلی ریاست کسی بھی طور پر قبول نہیں کی جاسکتی۔

رہنماؤں نے کہا کہ جمعتہ الوداع کو یوم القدس جوش و جذبہ کے ساتھ منائیں گے، اس موقع پر مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے اور امریکی و اسرائیلی پرچم نذرآتش کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام خمینی ؒ کا یوم القدس منائے جانے کا جرأت مندانہ اقدام قابل تقلید و ستائش ہے، مسلم حکمراں قبلہ اول کی بازیابی کے لئے مشترکہ اسلامی فوج تشکیل دیں، اقوام متحدہ جانبدارانہ رویہ چھوڑ کر ظالم، جابر اور غاصب اسرائیل کی رکنیت معطل کرے نیز نہتے مظلوم فلسطینیوں پر انسانیت سوز وحشیانہ اسرائیلی مظالم عالمی انسانی ضمیر جھنجوڑنے کے لئے کافی ہے۔

دوسری جانب کل مسالک ورلڈ پاسبان ختم نبوت، جمعیت علماءِ اسلام، جمعیت علماءِ پاکستان، جماعت اسلامی، جمعیت اہلحدیث، جمعیت اہلسنت، تحریک ملت جعفریہ اور تنظیم علماء و مشائخ اہلسنت سمیت تمام دینی جماعتوں نے کل یوم القدس منانے کا اعلان کیا اور کہا کہ مسلمان قبلہ اول بیت المقدس کی آزادی اور حرمت القدس کی بحالی کے لئے ہر سال کی طرح امسال بھی دنیا بھر میں مظاہرے کریں گے اور اسرائیلی غاصبانہ قبضے و مظالم کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے ۔

ٹیگس