فلسطین کے حق میں قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم
فلسطین کے وزیر خارجہ نے جنرل اسمبلی میں فلسطین کے حق میں قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کیا ہے۔
ہمارے نمائندے کے مطابق فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں اسرائیل کے خلاف قرارداد کی منطوری امریکہ کے لیے بڑا دھچکاہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں نے دو کامیابیاں حاصل کی ہیں۔مذکورہ قراداد میں امریکی اصلاحات کا مسترد کیا جانا پہلی کامیابی اور فلسطین کی حمایت میں کثرت رائے سے قرارداد کی منظوری دوسری کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی کی قرارداد سے ثابت ہوگیا ہے دنیا فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔قابل ذکر ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی مخالفت اور دباؤ کے باوجود اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اسرائیل کے خلاف اسلامی تعاون تنظیم اور عرب لیگ کی مذمتی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی ہے۔اس سے قبل امریکہ نے مذکورہ قرار داد میں اصلاح کی تحریک پیش کی جس میں جنرل اسمبلی کے ارکان سے حماس کی مذمت کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن دنیا کے اکثر ممالک نے امریکی تحریک کو مسترد کردیا۔