یمنی فوج کی جوابی کارروائی میں سعودی فوجیوں کی ہلاکت
جنوبی سعودی عرب کے مختلف علاقوں منجملہ عسیر، نجران اور جیزان میں جارح فوجیوں کے ٹھکانوں پر یمنی فوج کے میزائل حملوں اور گولہ باری میں سعودی اتحاد کے متعدد فوجی ہلاک ہو گئے۔
یمن کے المسیرہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے سعودی اتحاد کی جارحیت کے جواب میں جنوبی سعودی عرب میں اس ملک کے فوجی ٹھکانوں کو کٹیوشا میزائلوں اور مارٹر گولوں سے نشانہ بنایا ہے۔
جیزان میں الخقاقہ اور العبادیہ اور نجران میں السدیس کے علاقے میں بھی سعودی اتحاد کے فوجی ٹھکانوں پ حملہ کیا گیا اس حملے میں بھی کئی سعودی فوجی ہلاک ہوئے۔ جیزان میں جبل قیس میں بھی سعودی فوجی ٹھکانوں پر حملے ہوئے۔
دوسری جانب یمنی فوج کے ترجمان نے اعلان کیا ہے کہ الحدیدہ ایرپورٹ پر مکمل امن ہے اور وہ یمنی فوج کے کنٹرول میں ہے۔ ترجمان شرف لقمان نے المیادین ٹیلیویژن سے گفتگو میں مغربی ساحل پر سعودی اتحاد کی جارحیت کے بعد الحدیدہ ایرپورٹ پر امن ہونے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی جانب سے سعودی اتحاد کی فوج کا جاری محاصرے نے الحدیدہ میں جنگ کی سرنوشت اور سعودی اتحاد کی فوج کے تسلیم ہونے کو یقینی بنا دیا ہے۔
ادھر الحدیدہ بندرگاہ میں طبی حکام نے اس شہر کی صورت حال کے بحرانی ہونے پر سخت خبردار کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ الحدیدہ پر سعودی اتحاد کے حملے جاری رہنے کی صورت میں اس شہر میں واحد سرکاری اسپتال بھی عنقریب بند ہو جائے گا۔
عالمی ادارہ صحت نے بھی خبردار کیا ہے کہ الحدیدہ پر سعودی اتحاد کے حملے سے چھبیّس لاکھ لوگوں کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
دریں اثنا یمن کی قومی حکومت کے ترجمان عبدالسلام جابر نے یمن میں سعودی اتحاد کی جارحیت پر اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی خاموشی کی شدید مذمت کی ہے۔
اس ترجمان نے جنوبی یمن کے صوبوں میں متحدہ عرب امارات اور امریکہ کی جانب سے خفیہ جیلیں بنائے جانے جانے اور قیدیوں کی شدید ایذارسانی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اقوام متحدہ اور اس سے وابستہ ادارے خاموشی اختیار نہیں کرتے تو اس طرح کے شرمناک جرائم انجام نہ پاتے۔
سعودی اتحاد نے تیرہ جون نے انسانی المیے کے بارے میں بین الاقوامی انتباہات کے باوجود الحدیدہ پر قبضہ کرنے کے لئے شدید وحشیانہ حملے شروع کئے تاہم اس جارح اتحاد کو یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی مکمل مزاحمت و استقامت کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
الحدیدہ بحیرہ احمر میں یمن کا دوسرا بڑا شہر ہے جو یمن کے بیرونی رابطے اور یمن کے محصور عوام کے لئے انسان دوستانہ امداد کا واحد راستہ ہے۔