Jul ۰۲, ۲۰۱۸ ۱۹:۲۳ Asia/Tehran
  • سعودی عرب میں بجلی کے نرخوں میں اضافے کے خلاف احتجاج

افراط زر اور بے روزگاری کے ساتھ ساتھ سرکاری خدمات خاص طور سے بجلی اور توانائی کے بھاری بلوں نے سعودی عوام کو احتجاج پر مجبور کردیا ہے۔

سعودی شہریوں نے سوشل میڈیا پر فاتورہ_ الکہربا کے ہیش ٹیگ کے ساتھ بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف احتجاج کیا ہے اور یہ ٹرینڈ ٹوئٹر کا تیسرا بڑا ٹرینڈ بن گیا ہے۔سعودی شہریوں نے پچھلے مہینوں کےبلوں کی تصاویر شیئر کی ہیں اور الکٹرانک طریقے سے جاری ہونے والے نئے بلوں کے ساتھ ان کا موازنہ کرتے ہوئے پچاس فی صد تک اضافے کی نشاندھی کی ہے۔سعودی شہریوں کے پیغامات میں آل سعود حکومت کی شاہ خرچیوں پر اعتراض کرتے ہوئےکہا گیا ہے کہ شاہی خاندان اپنے غیر قانونی اخراجات کو پورا کرنے کے لیے یوٹیلٹی بلوں میں اضافہ کر رہی ہے۔حالیہ برسوں کے دوران سعودی عرب میں سرکاری سطح پر دی جانے والی بہت سی مراعات ختم کردی گئیں ہیں، مہنگائی اور افراط زر نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور سرگرم افرادی قوت میں بے روزگاری کی شرح پندرہ فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ سعودی عرب میں بے روزگاروں کی تعداد تین ملین تک بتائی جاتی ہے۔سعودی حکومت نے غذائی اشیا اور توانائی کی قیمتوں میں پہلے ہی پچاس سے سو فی صد کا اضافہ کر رکھا ہے اور اب اس میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کے عنوان سے مزید پانچ فی صد کا اضافہ کردیا گیا ہے۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ شاہی خاندان اور خاص طور سے ولی عہد محمد بن سلمان کی فضول خرچیوں، علاقائی اور عالمی سطح پر ان کی مہم جوئی اور خاص طور سے جنگ یمن کے اخراجات نے سعودی معیشت کو زبردست خسارے سے دوچار کر دیا ہے۔سعودی عرب دنیا میں تیل برآمد کرنے والا سب سے بڑا ملک شمار ہوتا ہے لیکن اس نے حال ہی میں معاشی اصلاحات پر عملدرآمد شروع کیا ہے جس کے تحت توانائی پر دی جانے والی سب سیڈی میں کمی کردی گئی ہے اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس عائد کردیا گیا ہے۔ کہا جارہا ہے کہ معاشی اصلاحات پرعملدرآمد کا مقصد ملک کے باون ارب ڈالر کے بجٹ خسارے کم کرنا ہے -

ٹیگس