شام کے شہر رقہ میں تین اجتماعی قبریں دریافت
Jul ۲۱, ۲۰۱۸ ۱۶:۰۰ Asia/Tehran
شام میں حال ہی میں دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد ہونے والے شہر رقہ میں تین اجتماعی قبریں دریافت ہوئی ہیں۔
شامی حکام کے مطابق مشرقی شہر رقہ میں تعمیرنو کے کام کے دوران دریافت ہونے والی تین اجتماعی قبروں سے اب تک ایک ہزار دوسو چھتیس افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ رقہ دہشت گرد گروہ داعش کا ہیڈکوارٹر تھا جسے شامی فوج نے آزاد کرایا ہے۔مقامی حکام کا کہنا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں مکانات کے تباہ شدہ ملبے تلے دبی لاشوں کی تلاش کا کام بھی بدستور جاری ہے۔ رواں سال کے آغاز سے اب تک رقہ میں درجنوں اجتماعی قبریں دریافت ہوچکی ہیں۔دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ شامی فوج نے صوبہ قنیطرہ کے پانچ دیہاتوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے۔یہ صوبہ مقبوضہ جولان کے پہاڑی علاقے سے ملا ہوا ہے جس پر اسرائیل نے ناجائز قبضہ کر رکھا ہے۔