مسجد الاقصی پر صہیونیوں کے حملوں کو روکنے کا مطالبہ
فلسطینی وزارت خارجہ نے اسلامی تعاون تنظیم سے مسجد الاقصی کی حمایت کے سلسلے میں فوری اقدام کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
النشرہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ مسجد الاقصی پر صہیونی یہودیوں کے حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے اورمسجد الاقصی پر صہیونیوں کے حملوں کو روکنے اور مسجد الاقصی کی حمایت کے سلسلے میں اسلامی تعاون تنظیم کو فوری اقدام کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے صیہونی انتہا پسندوں نے اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ مل کر باب المغاربہ کی جانب سے مسجدالاقصی پر حملہ کیا۔ مسجد الاقصی پر صیہونیوں کے حملوں کے بعد اسرائیلی سیکورٹی اہلکاروں نے مسجدالاقصی کے دروازے فلسطینیوں کے لئے بند کردئے اور فلسطینی نمازیوں کو مسجد میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔
بیت المقدس میں اسلامی اوقاف کے پریس دفتر کے سربراہ فراس دبس کا کہنا تھا کہ 10 سے زائد صیہونی انتہا پسندوں نے جنھیں اسرائیلی فوجیوں کی پشتپناہی حاصل تھی مسجد الاقصی پر حملہ کیا اور زبردستی اس کے صحن میں داخل ہوگئے۔ صیہونیوں نے مسجد الاقصی کے صحن میں صیہونی رسومات بھی ادا کیں۔ اس دوران صیہونی فوجیوں نے مسجدالاقصی کے ایک خادم کو گرفتار بھی کرلیا۔