جنوبی شام میں دھماکہ، 75 جاں بحق و زخمی
Jul ۲۵, ۲۰۱۸ ۱۵:۴۱ Asia/Tehran
شام کے ذرائع ابلاغ نے اعلان کیا ہے کہ بدھ کی صبح جنوبی شام کے شہر سویدا میں ہونے والے ایک خود کش بم دھماکے میں پینتیس عام شہری جاں بحق اور سینتیس دیگر زخمی ہو گئے۔
شام کے الاخباریہ ٹی وی نے اس خبر کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک دہشت گرد نے خود کو فروٹ منڈی میں دھماکے سے اڑا لیا جبکہ دو دیگر دہشت گردوں کو دھماکہ کرنے سے قبل ہی شام کے سیکورٹی اہلکاروں نے ہلاک کر دیا۔ان دونوں دہشت گردوں کو المسلخ کے علاقےمیں ہلاک کیا گیا۔ صوبے سویدا کے محکمہ صحت کے اعلی عہدیدار کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے جس کی بنا پر جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ادھر سویدا کے شمال مشرقی مضافاتی علاقوں میں داعش دہشت گردوں کی جارحیت میں کئی عام شہری جاں بحق ہو گئے۔