انڈونیشیا، ہرطرف تباہی ہی تباہی، 345 ہلاک ڈیڑھ لاکھ بے گھر
Aug ۰۹, ۲۰۱۸ ۱۰:۱۲ Asia/Tehran
انڈونیشا کے جزیرے لومبوک میں 6 اعشاریہ 9 شدت کے زلزلے کے بعد وہاں کے رہائشی سونامی کے ڈر سے ابھی تک پہاڑیوں پر پناہ لیے ہوئے ہیں، ساحلی علاقے جو سیاحوں سے بھرے ہوتے تھے، وہاں اب ہو کا عالم ہے۔
انڈونیشیا کے جزیرے لومبوک میں خوفناک زلزلے کے باعث مرنے والوں کی تعداد تین سو سینتالیس ہو گئی، سونامی کے خوف سے پہاڑوں کا رخ کر نے والے افراد ابھی تک نیچے اترنے سے ڈرتے ہیں، مکانات منہدم ہونے کے باعث ایک لاکھ چھپن ہزار افراد بے گھر ہوئے ہیں۔
حکام کے مطابق متاثرہ علاقوں میں ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے اور ہلاکتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، جزیرے میں پھنسے غیر ملکی سیاحوں کو دو بڑی کشتیوں میں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب ہسپتالوں میں زخمیوں کے لیے جگہ کم پڑ گئی جس کے باعث زخمیوں کے لئے عارضی ہسپتال اور میڈیکل سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔