امریکا کے ممکنہ حملوں کا پوری طاقت کے ساتھ جواب دیں گے، شامی وزیرخارجہ
شام کے وزیرخارجہ نے کہا ہے کہ ہم امریکا کے ممکنہ حملوں کا پوری طاقت کے ساتھ جواب دیں گے۔
شام کے وزیرخارجہ ولید المعلم نے کہا ہے کہ واشنگٹن جو کچھ شام کے سلسلے میں کررہا ہے وہ غیر قانونی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے دائرے سے ہٹ کر ہے۔ انہوں نے کہا کہ دمشق امریکا کے ممکنہ حملوں کا پوری طاقت کے ساتھ جواب دے گا۔
شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے خبردی ہے کہ وزیرخارجہ ولید المعلم نے کہا ہے کہ امریکا کی سرکردگی میں مغرب کی کوشش ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں رکاوٹ کھڑی کرے اور دہشت گرد گروہ جبہت النصرہ کی حمایت کرے۔
انہوں نے ترکی کے ساتھ شام کے تعلقات کے بارے میں بھی کہا کہ ہم ترکی سے الجھنا نہیں چاہتے لیکن ترکی کو بھی چاہئے کہ وہ اس بات کو سمجھے کہ ادلب شام کا ایک صوبہ ہے اور یہ شام کی ملکیت ہے۔
واضح رہے کہ شام کا صوبہ ادلب بدستور دہشت گردوں کے قبضے میں ہے اور شامی فوج اس صوبے کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرنے کی تیاری کرچکی ہے۔