ترکی میں ڈالر سے خرید و فروخت کرنے پر پابندی
ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے جائیداد کی خرید و فروخت کو ملکی کرنسی لیرا میں کرنے کا حکم جاری کردیا۔
صدارتی حکم نامے میں غیر ملکی کرنسیوں میں ہونے والے تمام پراپرٹی معاہدوں کو لیرا میں منتقل کرنے کے لیے 30 دن کی مہلت دی گئی ہے۔
حکم نامے میں ریئل اسٹیٹ اور پراپرٹی ڈیلروں کو پابند کیا گیا ہے کہ جائیداد کی خرید وفروخت کے ساتھ ساتھ مکانات یا اپارٹمنٹس کے کرائے بھی ترک کرنسی میں طے کیے جائیں اور ان معاہدوں میں شامل تمام غیر ملکیوں کو بھی ترک لیرا کا استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال میں اب تک امریکی ڈالر کے مقابلے میں لیرا 40 فیصد تک اپنی قدر کھوچکا ہے جس سے ترک معیشت کو زبردست جھٹکا لگا ہے،
ترک صدر نے امریکی رویے کو جنگلی بھیڑیے سے تشبیہ دیتے ہوئے لیرا کو مستحکم کرنے کے لیے کئی اقدامات اٹھائے ہیں اور یہ نیا حکم نامہ بھی ملکی کرنسی کو سہارا دینے کا ایک اقدام ہے۔