ایران کے میزائل حملے دمشق حکومت کے ساتھ ہم آہنگی کے تحت انجام پائے
شام کے وزیر خارجہ ولید العلم نے شام میں مشرقی فرات کے علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر ایران کے میزائل حملے کی قدردانی کرتے ہوئے تاکید کے ساتھ کہا ہے کہ شام میں ایران کی موجودگی مکمل قانونی اور ان کے ملک کی ارضی سالمیت کے مسئلے میں ہم آہنگی کے مطابق ہے۔
شام کے وزیرخارجہ ولید العلم نے المیادین ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف مہم میں شامی حکومت کے اقدامات کی وضاحت کی ہے۔
انھوں نے تاکید کے ساتھ کہا کہ ادلب اور حلب کے شمال مشرقی مضافاتی علاقوں کی آزادی کے ساتھ ہی شام میں دہشت گردی کے خلاف جنگ اپنے اختتام کو پہنچ جائے گی۔
ولید المعلم نے البوکمال پر ایران کے میزائل حملے کو سراہتے ہوئے کہا کہ میزائل حملہ دہشت گردی کے خلاف مہم کا حصہ ہے۔ انھوں نے ایک بار پھر ایران کے ساتھ تعاون کو قانونی اور شام کی ارضی سالمیت کے مطابق قرار دیا۔
انھوں نے اسی طرح صیہونی حکومت کے میزائلوں کے مقابلے میں شام کے فضائی دفاعی سسٹم کو کامیاب قرار دیا اور کہا کہ اس سسٹم کے تحت اسرائیل کے دو تہائی میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایس تین سو دفاعی میزائل سسٹم سے شام کے فضائی حدود کی سلامتی کو تقویت ملے گی۔