13 سالہ افغان لڑکا طیارے کے لینڈنگ گیئرباکس میں چھپ کر کابل سے دہلی پہنچا، ہوائی اڈے کے حکام دنگ
-
13 سالہ افغان لڑکا
ہندوستانی میڈیا کے مطابق افغانستان کا ایک 13 سالہ لڑکا کابل سے افغانستان کی کام ایئر پرواز کے ذریعہ دہلی پہنچ گیا۔ اس لڑکے کے پاس نہ تو ہوائی جہاز کا ٹکٹ تھا اور نہ ہی وہ جہاز کی سیٹ پر بیٹھ کر دہلی پہنچا بلکہ جہاز کے لینڈنگ گیئر باکس میں چھپ کر وہ دہلی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پہنچا جس کو دیکھ کر ہوائی اڈے کے حکام پریشان اور دنگ رہ گئے۔
سحرنیوز/ہندوستان: منگل 23 ستمبر کو ہندوستانی میڈیا کے ذریعہ منظر عام پر آنے والی خبر کے مطابق کام ایئر کا طیارہ پرواز نمبر آر کیو 4401 اتوار کی صبح تقریباً گیارہ بج کر دس منٹ پر جیسے ہی دہلی پہنچی، ہوائی اڈے کے ایک اہلکار نے، اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر، بتایا کہ ایئر لائن کے ایک افسر نے افغان لڑکے کو طیارے کے پاس دیکھا اور اس نے فوری طور پر ہوائی اڈے کے متعلقہ شعبے کو مطلع کیا۔
اطلاعات کے مطابق لڑکے کو فوراً حراست میں لے کر سیکورٹی ایجنسیوں کے حوالے کر دیا گیا۔ اس کے بعد کئی گھنٹے تک لڑکے سے تفتیش کی گئی۔ تفتیس کے دوران لڑکے نے بتایا کہ وہ کابل ہوئی اڈے میں چپکے سے داخل ہوا تھا اور پرواز سے پہلے طیارے کے لینڈنگ گیئر میں چھپ گیا تھا۔
میڈیا رپورٹوں کے مطابق افغان لڑکا قندوں کا رہنے والا ہے اور اس کو اتوار کی شام کو ہی ایک دوسری پرواز سے واپس افغانستان بھیج دیا گیا۔