Oct ۳۱, ۲۰۱۸ ۰۸:۰۰ Asia/Tehran
  • پاکستان و ترکی کی دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تاکید

پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ترکی میں اپنے ہم منصب رجب طیب اردوغان سے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے مابین دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے پر آمادگی کا اظہار کیاگیا۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی ترکی کے 3 روزہ دورے پر استنبول پہنچے اور استنبول گرینڈ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی۔

دونوں ممالک کے صدور نے تمام شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات میں تعاون بڑھانے پر غور کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹرعارف علوی نے امید ظاہر کی کہ ترک سرمایہ کار پاکستان میں دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرکے بہتر مواقع حاصل کر سکتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کے صدرنے دوطرفہ فری ٹریڈ معاہدے کے جلد نتائج اور دونوں ممالک کے مابین تجارتی تعلقات کے حجم میں اضافے پر زور دیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوغان کی دعوت پر صدر ڈاکٹرعارف علوی نے ترکی کے 95 ویں یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترک عوام ہمارے دوست اور بھائی ہیں اور میں جمہوریت کے لیے ترک جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

 

ٹیگس