کابل میں عید میلادالنبی (ص)کی تقریب میں دھماکہ 60 افراد شہید 80 زخمی
افغانستان کے دارالحکومت کابل میں عید میلادالنبی (ص) کی تقریب کے دوران دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 60 افراد شہید اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ نماز مغرب کے بعد ایئرپورٹ روڈ پر واقع ہال میں جاری عید میلادالنبی (ص) کی تقریب میں ہوا، دہشت گردی کا نشانہ بننے والا ہال شہر کے عین وسط میں واقع ہے اور دھماکے کے بعد سیکڑوں افراد وہاں موجود تھے۔
وزارت صحت نے 60 افراد کے شہید اور 80 سے زائد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے اور شہر بھر کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
ابتدائی طور پر واقعے کو خودکش دھماکا رپورٹ کیا گیا ہے تاہم سرکاری حکام یا سیکیورٹی فورسز نے دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ حکام کا کہنا ہے کہ فوری طور پر دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے کئی زخمیوں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے ۔ ابھی تک کسی بھی گروہ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔