Dec ۰۱, ۲۰۱۸ ۱۱:۳۰ Asia/Tehran
  • فلسطینیوں کی جانب سے ایران کی قدردانی

غاصب صہیونی حکومت کے خلاف عظیم واپسی مارچ آرگنائزنگ بورڈ نے اپنے ایک بیان میں اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے فلطسینی عوام کی حمایت کی قدردانی کی.

عظیم واپسی مارچ آرگنائزنگ بورڈ نے ایک بیان میں اس بات پر زور دیا ہے کہ ہم غزہ پٹی میں اپنے مقاصد کو حاصل کرنے تک ناجائز صیہونی حکومت کے خلاف عظیم واپسی مارچ کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔

آرگنائزنگ بورڈ نے اپنے بیان میں علاقے کے بعض عرب ممالک کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ روابط کی برقراری کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی حکومت کے ساتھ روابط کی برقراری فلسطینی عوام سے خیانت ہے۔

واضح رہے کہ کل مسلسل چھتیسویں جمعہ کو ہزاروں فلسطینیوں نے غزہ میں فلسطینی عوام سے عالمی یکجہتی کے عنوان کے تحت واپسی مارچ کیا۔

فلسطینیوں کے اس مارچ کوبھی غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس میں اٹھائیس فلسطینی زخمی ہو گئے۔

یاد رہے کہ فلسطینی عوام مارچ کے آخری ہفتے بالخصوص تیس مارچ کو قومی یوم الارض مناتے ہیں۔ فلسطینی قوم نے اس دن کے منانے کا سلسلہ بیالیس سال پہلے انیس سو چھیہتر میں شروع کیا۔

اس دن کو منانے کا مقصد فلسطینی قوم کے بنیادی حقوق کے دفاع اور ارض وطن کے ساتھ اپنی وابستگی کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔ اس روز فلسطینی قوم اپنے حق خود ارادیت کے حصول اور حق واپسی کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

فلسطینیوں پر غاصب صیہونی حکومت کے فوجیوں کی وحشیانہ جارحیت کی اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں اور بین الاقوامی تنظیموں نے شدید مذمت کی ہے۔

غاصب صیہونی حکومت، فلسطینیوں کی اراضی پر غاصبانہ قبضہ اور صیہونی کالونیوں کی تعمیر کے ذریعے فلسطینی علاقوں کا جغرافیائی ڈھانچہ تبدیل اور ان علاقوں کو صیہونی رنگ دینے کی کوشش کر رہی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ فلسطینیوں کے ان علاقوں میں اپنا تسلط مضبوط بنا لے۔

ٹیگس