لبنان میں سعودی عرب کے سفارت خانے کے سامنے جنگ یمن کے خلاف نعرے
لبنان و فلسطین کے جنگ مخالفین نے یمنی عوام کے خلاف جنگ و جارحیت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بیروت میں سعودی عرب کے سفارت خانے کے سامنے اجتماع کیا اور آل سعود مردہ باد سمیت جنگ مخالف نعرے لگائے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق جنگ مخالفین نے اپنے ہاتھوں میں جنگ کے خلاف نعرے لکھے پلے کارڈ، اور خاک و خون میں غلطاں یمنی بچوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں۔
ان مظاہرین نے، جنگ بند کرو اور خون بہانے والو شرم کرو جیسے نعرے لگائے۔ ان مظاہرین نے سعودی عرب کے سفارت خانے کے قریب جانے کی بھی کوشش کی۔
اجتماع کے شرکا نے یمنی عوام کے خلاف جارحیت اور آل سعود کے خلاف فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے ترکی کے شہر استنبول میں سعودی عرب کے قونصل خانے میں مخالف صحافی جمال خاشقجی کے ہونے والے قتل کی بھی شدید مذمت کی۔
ان مخالفین نے بعض عرب ملکوں منجملہ سعودی عرب کی آل سعود حکومت کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات برقرار کئے جانے کو فلسطین سے غداری قرار دیا اور اس ذلت آمیز پالیسی سے دستبرداری کا مطالبہ کیا۔