آسمان امامت و ولایت کے گیارہویں درخشاں ستارے کی شب ولادت باسعادت کا جشن
فرزند رسولۖ حضرت امام حسن عسکری علیہ الصلوات و السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جشن اور محافل میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔
آسمان امامت و ولایت کے گیارہویں درخشاں ستارے فرزند رسولۖ اور شیعیان جہان کے گیارہویں امام حضرت امام حسن عسکری علیہ الصلوات و السلام کی شب ولادت باسعادت کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کے مختلف شہروں کی تمام اہم شاہراہوں اورعمارتوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے اور چراغانی کی گئی ہے۔
بعض علاقوں میں لوگ سڑکوں پر مٹھائیاں اور شربت تقسیم کر کے گیارہویں امام حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام سے اپنی والہانہ عقیدت و محبت کا اظہار کررہے ہیں۔
مشہد المقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کے روضہ اطہر میں ہزاروں عقیدت مندوں کا اجتماع ہے اور محافل میلاد منعقد کی جا رہی ہیں۔
قم المقدسہ میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضہ اقدس میں بھی چراغانی کی گئی ہے اور محبان اہلبیت اطہار، جوق در جوق آپ کی بارگاہ میں حاضر ہو کر جشن کی محفلوں میں شریک ہو رہے ہیں۔
شیراز، رے اور تہران سمیت ایران کے تمام شہروں میں اہلبیت اطہار علیھم السلام کی برگزیدہ ہستیوں کے مقدس روضوں اور مختلف مساجد اور امام بارگاہوں میں بھی آسمان امامت و ولایت کے گیارہوں درخشاں ستارے فرزند رسولۖ اور شیعیان جہان کے گیارہویں امام حضرت امام حسن عسکری علیہ الصلوات و السلام کی شب ولادت باسعادت کے موقع پر جشن اور قصیدہ خوانی کا سلسلہ جاری ہے۔ محافل اور میلاد کا یہ سلسلہ ایران بھر میں اتوارکی رات دیر گئے تک جاری رہے گا۔