Dec ۱۶, ۲۰۱۸ ۱۵:۱۱ Asia/Tehran
  • گیارہویں امام (ع) کا جشن ولادت باسعادت

گیارہویں امام حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کے موقع پر پورے اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے مختلف ملکوں میں جشن منائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔

آسمان امامت و ولایت کے گیارہویں درخشاں ستارے فرزند رسولۖ حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام آٹھ ربیع الثانی سن دو سو بتیس ہجری قمری کو مدینہ منورہ میں اس دنیا میں تشریف لائے۔

فرزند رسولۖ حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں جگہ جگہ جشن منایا جا رہا ہے۔

اس پر مسرت موقع پر عراق کے مقدس شہروں خاص طور پر سامرا میں عاشقان اہلبیت عصمت و طہارت کا جم غفیر ہے جو امام عالی مقام کا جشن ولادت منا رہا ہے-

کربلائے معلی، نجف اشرف اور کاظمین میں بھی جشن کا شاندار اہتمام کیا گیا ہے-

 حضرت امام حسن عسکری علیہ السلام کے جشن ولادت کے مرکزی اجتماعات مشہد المقدس میں حضرت امام رضاعلیہ السلام اور قم میں جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کے حرم مطہر میں منعقد ہو رہے ہیں جن میں دسیوں ہزار زائرین اور عاشقان اہلبیت عصمت و طہارت شریک ہیں اور اس پر مسرت موقع پر حضرت امام رضا علیہ السلام اور جناب فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیھا کی خدمت میں ہدیہ تبریک پیش کرنے کے ساتھ ساتھ حضرت ولی عصر امام زمانہ عج اللہ تعالی فرجہ الشریف کی خدمت میں بھی مبارکباد پیش کر رہے ہیں-

شام۔ لبنان، پاکستان اور ہندوستان سمیت دنیا کے مختلف ملکوں کے مختلف شہروں میں بھی محافل میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔

ٹیگس