عراقی وزیراعظم کی جانب سے الحشدالشعبی اور پیشمرگہ ملیشیا کی حمایت کا اقدام
عراق کے وزیر اعظم اور مسلح افواج کے سربراہ عادل عبدالمہدی نے اپنے ایک اقدام کے ذریعے عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی اور پیشمرگہ ملیشیا کی حمایت کا اظہار کیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق عراق کے وزیراعظم نے آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن کے دورہ بغداد میں ان کی استقبالیہ کی تقریب اور گارڈ آف آنے پیش کئے جانے میں عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی اور پیشمرگہ ملیشیا کے جوانوں کو بھی شامل رکھا اور اس طرح اپنے اس اقدام کے ذریعے عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی اور پیشمرگہ ملیشیا کی حمایت کا اظہار کیا۔
عراق کے وزیر اعظم اور مسلح افواج کے سربراہ عادل عبدالمہدی کی جانب سے یہ اقدام ایسی حالت میں عمل میں لایا گیا ہے کہ امریکہ عراق کی عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کو ختم کئے جانے کے لئے بغداد کی حکومت پر دباؤ ڈالتا رہا ہے۔
واضح رہے کہ جون دو ہزار چودہ میں ایسی حالت میں کہ داعش دہشت گرد گروہ نے عراق کی ایک تہائی سرزمین پر غاصبانہ قبضہ کر لیا تھا عراق کے نامور مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی کی ہدایت پر عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کا قیام عمل میں آیا جس نے عراقی فوج کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور اپنے ممتاز کردار کی بدولت عراق سے داعش دہشت گردوں کا صفایا کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
جس کے بعد عراق کی پارلیمنٹ نے چھبیس نومبر دو ہزار سولہ کو ایک بل پاس کر کے عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کو مسلح افواج میں شامل کئے جانے کی منظوری دے دی۔