امریکہ نے سابق سوویت یونین سے سبق نہیں سیکھا : طالبان
افغان طالبان نے کہا ہے کہ امریکا کو سابق سوویت یونین کی شکست اور ٹکڑوں میں منقسم ہوجانے سے سبق سیکھنا چاہیے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق افغانستان پر سوویت یونین کے حملے کے 39 سال پورے ہونے پر افغان طالبان نے امریکا کو فوری طور پر افغانستان سے نکل جانے کا مشورہ دیا ہے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ افغان عوام اپنی زمین پر کسی کا بھی قبضہ برداشت نہیں کریں گے، روس کی شکست کو مدنظر رکھتے ہوئے امریکا افغان شہریوں کی مشکلات سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت کو دوبارہ نہ آزمائے۔
واضح رہے کہ چند روزقبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ افغانستان میں موجود امریکی دستوں کی تعداد میں کمی کا اعلان کر چکے ہیں جس کے بعد وائٹ ہاؤس انتظامیہ افغانستان میں تعینات 14 ہزار فوجیوں میں سے نصف کو واپس بلانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ اس کے علاوہ امریکہ نے شام سے بھی اپنی فوج نکالنے کا اعلان کیا ہے۔